کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ و دیگر کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا بلاک 6 یوسی 8 میں محمدی فیملی پارک اور اوپن ائیر جم کا افتتاح کردیا،اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمینوں نے ایک سال کے مختصر عرصے میں 32اسکولوں کو از سر نو آباد،120 پارکوں کا افتتاح کیا ہے،44 ہزارا سٹریٹ لائٹس نصب کیں،عوا م کی خدمت جاری رکھیں گے،جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اپنے اپنے ٹاؤنز و یوسیز میں خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے ہیں، جیسے بھی حالات ہیں، عوام کے درمیان موجود رہے ہیں اور محدود مسائل و اختیارات کی کمی کے باوجود عوام کی خدمت کر ر ہے ہیں، فیڈرل بی ایریا میں کھیل کے میدان کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہے تھے، ماضی میں کھیلوں کے میدانوں کو چائنا کٹنگ کی نظر کیا گیا لیکن ہم نے ٹاؤن کے بجٹ سے پارکوں کو بحال کیا اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کیے، گلبرگ ٹاؤن کا سلوگن یہ ہے پھول جیسے لوگ پھول جیسا ٹاؤن اور اسی سلوگن کے مطابق کام ہو رہاہے، اس موقع پر بچوں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے، ٹاؤن کی جانب سے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔