کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہٰ احمد نے جمعہ کو اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاول بھٹو 2008 کے منشور میں لوکل گورنمنٹ سے متعلق وعدے کو اپنی والدہ کی آخری وصیت سمجھیں، اپنی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو کی وصیت کو پورا کریں اور قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقریر پر عمل کریں، بلاول بھٹو صوبائی قیادت کو ہدایت دیں کہ آرٹیکل 140-A پر فوری کمیٹی قائم کی جائے،طحہ احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم گزشتہ 40 برس سے عوامی مسائل لے کر اسمبلی آ رہی ہے اور واحد جماعت ہے جو عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے،مسائل کا حل آئین کے آرٹیکل 140-A میں ہے جو اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی ضمانت دیتا ہے،آرٹیکل 140-A پر عملدرآمد کے لیے اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی اسپیکر اور حکومتی ارکان نے ہمارے دلائل تسلیم کرتے ہوئے کمیٹی بنانے کا کہا ہےکمیٹی کے ٹی او آر فوری بتائے جائیں، مزید تاخیر برداشت نہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے،بلدیاتی نظام کی خودمختاری خود پیپلز پارٹی کے مفاد میں ہے،نئے نظام میں ایم کیو ایم کا میئر آئے گا تو شہر میں واضح بہتری نظر آئے گا،ایم کیو ایم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے لیے بھی اختیارات مانگ رہی ہے۔