کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کیو آر کوڈ سے مزین محفوظ ڈیجیٹل مراسلت کے نظام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، یہ اہم اقدام سرکاری دستاویزات کی شفافیت، مستند حیثیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، جو 22 دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا،نئے نظام کے تحت کے ایم سی کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام سرکاری خطوط، نوٹسز اور مراسلات پر ایک منفرد کیو آر کوڈ درج ہوگا جس کی تصدیق کوئی بھی فرد یا ادارہ کسی بھی مقام سے کر سکے گا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈیجیٹل نظام کے آغاز کے حوالے سے بتایا کہ کے ایم سی جدید، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے،کیو آر کوڈ پر مبنی مراسلت کا نظام سرکاری لین دین کو محفوظ بنانے اور بلدیاتی دستاویزات پر عوامی اعتماد بحال کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، سرکاری امور کو محفوظ بنانے، غلط استعمال کی روک تھام اور جعلی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل اور قابلِ تصدیق مراسلت کے نظام کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھا۔