کوئٹہ (خ ن)بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر زرکون نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت حکومت بلوچستان تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، بی بی او آئی ٹی کاروباری اداروں کو درپیش مشکلات دور کرنے اور بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں پریمیئر سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ کے جنرل منیجر منصور سلطان سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بلوچستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا،بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیاقت کاشانی بھی انکے ہمراہ تھے،عبدالکبیر زرکون نے کہا کہ بلوچستان قدرتی دولت سے مالا مال سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین خطہ ہے، جو دنیا بھر کی توجہ کا مرکز اور مستقبل کا تجارتی حب ہے، ہم صوبے میں تجارت میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولیات و معاونت کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں، کاروباری اداروں کے خدشات دور کرنے کو تیار ہیں۔درایں اثناء سی ای او عبدالکبیرخان زرکون سے امریکی گلوبل انٹرپرائزز کے چیئرمین اور پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے وقف ادارے ہنر فاؤنڈیشن کے بانی عباس اکبرعلی کے درمیان آن لائن میٹنگ ہوئی۔جس میں ہنر فاؤنڈیشن کے نوکنڈی کیمپس کےمسائل سمیت نوجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور دیگر امور سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا اور مسائل کے حل کیلئے متعلقہ فورمز پر بات کرنے کا فیصلہ کیا گیا،بی بی او آئی ٹی کے ڈائریکٹر پروجیکٹ اینڈ پالیسی عبدالمنان موجود تھے۔