• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سوسائٹی ،نوجوان بدعنوانی کی لعنت کیخلاف ساتھ دیں، ڈی جی نیب

ملتان (سٹاف رپورٹر) انسداد بدعنوانی 9دسمبرعالمی دن کےحوالے سے قومی احتساب بیورو ملتان کی جانب سے نیب آفس ملتان میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد عوام میں بدعنوانی کی لعنت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا،اس تقریب کا تھیم’’ بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ؛ روشن مستقبل کی تعمیر‘‘تھا ۔ جسٹس (ریٹائرڈ) الطاف ابراہیم قریشی نے اس موقع پر اپنے خیالات اور وژن سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ تقریب میں مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے پروفیسرز، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ انجینئر مسعود عالم خان ڈی جی نیب ملتان نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور معاشرے بالخصوص جنوبی پنجاب سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے کے لیے نیب کے عزم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سول سوسائٹی، معززین اور نوجوانوں سے خصوصی طور پر درخواست کی کہ وہ اس قومی فریضے میں نیب کا ساتھ دیں۔بی زیڈ یو کے پروفیسر ڈاکٹر مکرب اکبر نے بھی موضوع پر روشنی ڈالی اور پاکستان سے بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنی زندگی کے عملی تجربات سے آگاہ کیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان کے روشن مستقبل اور معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کے پختہ عزم اور تمام شرکاء کی انسداد بدعنوانی کی آگاہی واک کے ساتھ ہوا ۔
ملتان سے مزید