اسلام آباد (خبر نگار) سپیشل جج سنٹرل ہمایوں دلاور کی عدالت سے سرکاری خبر رساں ادارے (اے پی پی) میں جعلی بھرتیوں کے الزام پر درج مقدمہ میں عبوری ضمانت خارج ہونے پر پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گذشتہ روز ملزمان سابق اکاونٹ آفیسر ارشد مجید، تیمور ارشد، سعد یوسف، قیصر جواد اور فواد خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کے دوران دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے تمام پانچ ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ ایف آئی اے حکام نے کمرہ عدالت کے باہر سے ہی پانچوں ملزمان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ملزمان کے خلاف جعلی بھرتیوں کے الزام میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا۔