• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکسی اسٹینڈ پر واقع پٹرول پمپ کو بغیر نوٹس سیل کیا گیا‘ پٹرولیم ڈیلرز

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر قیام الدین آغا نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے سرکلر روڈ ٹیکسی اسٹینڈ پر واقع پیٹرول پمپ کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے بغیر کسی نوٹس اور ہمیں اعتماد میں لئے بغیر سیل کردیا ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ مسئلے کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے ۔گزشتہ 63 سال سے قانونی طریقے سے پیٹرول پمپ چلا رہے ہیںاور باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں سرپرست اعلیٰ حاجی عباس سرپرہ ، جنرل سیکرٹری عباس آغا ، خالد ملک ، حاجی غلام علی ، سید باچا آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 63 سال سے یہ پیٹرول پمپ چلارہے ہیں بغیر کسی جواز کے پمپ سیل کرنا درست عمل نہیں ، قانونی طریقے سے کاروبار کرکے کئی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں ،حکومت کرایہ سمیت جو بھی مسئلہ ہے اسے باہمی بات چیت کے ذریعے حل کرے، ہماری تنظیم کے نمائندے تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس سے اپنے مارجن کا 12 فیصد انکم ٹیکس محکمہ اوزان پیمائش کو سالانہ فیس ، ایکسپلوزنگ ڈیپارٹمنٹ کی سالانہ فیس، یوٹیلیٹی بلز کی مد میں ٹیکسز باقاعدگی سے ادا کررہے ہیں ۔ گزشتہ 70 سال سے دن رات ایک کرکے کاروبار کرکے اس مقام تک پہنچے ہیں ہم بھی اس شہر اور ملک کے شہری ہیں اور قانون کی پاسداری کررہے ہیں تمام مسائل قانونی طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں ، ہمیں اس شہر اور صوبے سے محبت ہے بلوچستان تعمیر و ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اپنے حاصل کردہ وسائل جس میں نقشہ جات ، کنٹریکٹرز ، پارکنگ وغیرہ شامل ہیں سے شہر میں صفائی اور آلودگی وغیرہ پر قابو پائے ، بلوچستان حکومت کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں پیٹرول پمپس بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور شہریوں کو مکمل گیج کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں ، مشکلات کے باوجود کاروبار سے وابستہ ہوکر اپنے بچوں کی روزی روٹی کمارہے ہیں ۔
کوئٹہ سے مزید