• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حب ڈیم سے نئی نہر کا 87 فی صد کام مکمل ہو چکا، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی کے لئے نئی کنال کی تعمیر کا 87 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، اگست 2025 ء تک اس کنال سے کراچی کے عوام کو 100 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی، اس کے علاوہ پرانی کنال کو بھی بحال کیا جا رہا ہے تاکہ اضافی پانی کراچی لایا جاسکے، یہ بات انہوں نے منگل کے روز حب ڈیم پر نئی کنال کی تعمیر کے مقام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی موجودہ کنال 45 سے 46 سال پرانی ہے جس میں رساؤ اور سیپیج کی وجہ سے 100 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی ممکن نہیں ہو رہی تھی، لہٰذا پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے حب ڈیم سے کراچی کے لئے نئی کنال ڈالنے کا منصوبہ بنایا تاکہ شہر میں پانی کی کمی کے مسائل جلد از جلد حل کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ حب ڈیم سے نئی کنال کا ارتھ ورک تقریباً مکمل ہوچکا اب یہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے۔