کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی 14فروری کو اہل کراچی کے حق، مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لیے جماعت اسلامی کے پر امن احتجاج پر پولیس تشدد، لاٹھی چارج اور شیلنگ کے دوران گرفتار 30کارکنوں کو جمعہ کے روز سینٹرل جیل سے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے حکم پر رہائی ملنے کے بعد ادارہ نور حق میں ان کا استقبال کیا گیا، کارکنوں کی بڑی تعداد جیل چورنگی پر جمع ہو ئی، رہائی پانے والے کارکنوں کو جیل چورنگی سے ادارہ نور حق تک جلوس کی شکل میں لایا گیا، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر کراچی منعم ظفر خان، و دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال اور خطاب کیا، ڈاکٹر اسامہ رضی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اسٹبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم ہے اس نے کراچی کو یر غمال بنایا ہوا ہے ،ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ریڈ لائن صرف آئینِ پاکستان ہے،ہم کسی جعلی ریڈ لائن کو تسلیم نہیں کرتے۔ہم آئین اور قانون کی بالادستی کے سوا کسی پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔