کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نےکہا ہے کہ گل پلازا سانحہ کے متاثرین کو شہر کے مختلف مقامات پر مفت متبادل جگہیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ بلا تاخیر اپنا کاروبار دوبارہ شروع کرسکیں، انہوں نےمیئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ باغ جناح کا دورہ کیا جہاں گل پلازا سانحہ کے متاثرین کی بحالی اور عارضی کاروباری انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،اس موقع پر بارہ دری میں متاثرین کے لیے قائم کیے جانے والے عارضی اسٹالز اور سہولتوں کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی منظوری سے ابتدائی طور پر سات ارب روپے تک معاوضے کی تقسیم کا عمل شروع کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرین کو عارضی بنیادوں پر ماہانہ پانچ لاکھ روپے تک مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے،انہوں نے واضح کیا کہ پلازوں اور مارکیٹوں میں فائر سیفٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی، ایمرجنسی ایگزٹ راستوں کی صفائی اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے بصورت دیگر نقصان کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور مالکان پر عائد ہوگی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر تقریباً ساڑھے تین سو متاثرہ دکان داروں کو ابتدائی مرحلے میں اسٹالز ہینڈ اوور کیے جائیں گے تاکہ خریداری کا سلسلہ متاثر نہ ہو، انہوں نے بتایا کہ پارکنگ، بیسمنٹ فیسلٹی، سیکیورٹی اور پولیس و وارڈنز اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ تاجروں کی رجسٹریشن کراچی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے مکمل کی گئی ہے۔