کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا ہر باشعور انسان کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے رواں سال رمضان المبارک ”رمضان فلسطین کے ساتھ“ کے عنوان سے منایا جائے گا ، اس سلسلے میں ملک بھر میں یکجہتی فلسطین کانفرنسز، احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور تشہیری مہمات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماہِ رمضان میں جاری اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور فلسطینیوں کی مدد کے لیے مالی، اخلاقی، سیاسی اور دینی تعاون فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے خاتمے اور آزادی فلسطین کے حوالے سے ہر ممکنہ کوششیں جاری رکھنا ہمارا مذہبی و اخلاقی وانسانی فریضہ ہے اس معاملے پر خاموشی نہ صرف افسوسناک بلکہ قابلِ مذمت ہے، جبکہ عوامی سطح پر بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔