آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کے فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی اور بظاہر 3 ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ پیر کو سری لنکا کے خلاف 0-2کی شاندار سیریز جیت کے بعد جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جس کے بعد فائنل میں جگہ کے لیے مقابلہ مزید سخت ہو گیا۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کا دوسرا اور بھارت کا تیسرا نمبر ہے۔پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ 2ٹیمیں ہی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گی۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023میں اب صرف 10میچز باقی ہیں اور کوئی بھی ٹیم اب تک فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی۔بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی جاری ہے آسٹریلیا نے پھر سری لنکا کے خلاف2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔اس کے علاوہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز ہونا باقی ہے بظاہر بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہے۔جنوبی افریقہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ ٹاپ ٹیم جنوبی افریقا کو فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے لیے صرف پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں سے ایک میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔ اگر جنوبی افریقہ اور پاکستان کی سیریز 1-1سے برابر ہوتی ہے تو جنوبی افریقا کو بھارت اور آسٹریلیا کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔اگر جنوبی افریقہ 0-1سے پاکستان کے ہاتھوں سیریز ہار جاتا ہے تو اسے آسٹریلیا کے صرف زیادہ سے زیادہ 2میچز جیتنے اور بھارت کے بارڈر گواسکر ٹرافی میں ایک میچ جیتنے کی امید رکھنی ہوگی۔بھارت کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی کی راہ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف 0-3کی شکست کے بعد مشکل ہو گئی تھی۔تاہم بھارت نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر واپسی کی لیکن پھر ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں کینگروز نے بھارت کو ہرا کر سیریز برابر کر دی ہے۔بارڈر گواسکر ٹرافی کے ابھی 3 میچز باقی ہیں۔فی الحال 57.29 پوائنٹس کے ساتھ بھارت اپنے باقی 3 ٹیسٹ میچز میں 2 جیت اور ایک ڈرا کے ذریعے ٹاپ 2 میں جگہ بنا سکتا ہے۔ اگر بھارت آسٹریلیا کے خلاف 2-3سے سیریز ہار جاتا ہے تو اسے جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف 0-2سے ہارنے اور آسٹریلیا کی سری لنکا کے خلاف دونوں میچز میں جیت پر انحصار کرنا ہوگا۔آسٹریلیا:ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا 60.71پوائنٹس کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں ہے۔ فائنل تک پہنچنے کے لیے انہیں بھارت کے خلاف اپنے باقی 3 ٹیسٹ میچز میں کم از کم 2 جیتنے ہوں گے حتیٰ کہ اگر آسٹریلیا سری لنکا میں اپنے دونوں میچز ہار بھی جائے، تو اس کے پوائنٹس بھارت اور سری لنکا کے مقابلے میں اچھے ہوں گے۔تاہم اگر آسٹریلیا بھارت سے 2-3 سے ہار جاتا ہے، تو اسے سری لنکا کو 0-2سے ہرانا ہوگا اور فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جنوبی افریقا بمقابلہ پاکستان سیریز کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن والی سری لنکا کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں۔ سری لنکا:سری لنکا کو اپنی اگلی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دینا ہوگی اور امید کرنی ہوگی کہ آسٹریلیا بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھارت سے 1-2سے ہارے۔ علاوہ ازیں سری لنکا کو جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف 0-2 سے ہارنے کا بھی انتظار کرنا ہوگا، دوسری جانب پاکستان کے امکانات انتہائی کم ہیں اور اس کا انحصار دیگر ٹیموں کے نتائج پر ہوگا۔واضح رہے کہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس کس طرح ملتے ہیں۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر ٹیم2سال کے سائیکل میں میچز کھیلتی ہے، رواں سائیکل جون 2023میں شروع ہوا تھا جو جون 2025میں ختم ہوگا۔سائیکل کے دوران ہر ٹیم 6ٹیسٹ سیریز کھیلتی ہے جس میں سے 3ہوم گراؤنڈ پر اور 3اوے ہوتی ہیں، ہر جتینے والی ٹیم کو 6پوائنٹس ملتے ہیں، میچ برابر ہونے پر دونوں ٹیموں کو 6، 6اور میچ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو 4، 4پوائنٹس ملتے ہیں۔تاہم اگر کوئی ٹیم اپنی 6ٹیسٹ سیریز کے دوران نمبر کے اعتبار سے کم یا زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلتی ہے تو پھر اس کا حساب میچ جیت کر حاصل ہونے والے پوائنٹس کو دیکھ کر فیصد کے اعتبار سے کیا جائے گا یعنی جیت پر ملنے والے 12 پوائنٹس کے 100فیصد، میچ برابر ہونے پر 6پوائنٹس یعنی 50 فیصد اور میچ ڈرا ہونے پر 4پوائنٹس یعنی 33اعشاریہ 3فیصد ملیں گے۔ سلو اوور ریٹ پر ٹیموں کے پوائنٹس کم بھی ہو سکتے ہیں۔ کون سی ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت چکی ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے 2019میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کیا گیا تھا اور 2021میں ہونے والے پہلے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی جبکہ 2023میں ہونے والے فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کب کھیلا جائے گا۔تیسری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل انگلینڈ کے تاریخی لارڈز گراؤنڈ میں 11جون 2025سے شروع ہو گا، اب دیکھنا یہ ہے کہ کون سی دو ٹیمیں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی حق دار بنتی ہیں۔