کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی اور رکن اسمبلی روی کمار نے گزشتہ روز ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ای ایس آئی اے اینڈ کمیونٹی ڈیپارٹمنٹ ہیڈ ایشلے پرائس سے ملاقات کی اس موقع پر منصوبے کے بارے تفصیلی گفتگوکی گئی، ایشلے پرائس نے رکن قومی اسمبلی انجینئر عثمان کو پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے نوکنڈی میں کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بتایا کہ ریکوڈک پروجیکٹ کے سی ایس آر فنڈز کے تحت تعلیم ، صحت ، آبنوشی ودیگر شعبوں میں کام کیا جا رہا ہے جبکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں،آئندہ چند سال میں پروجیکٹ کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائیگا جس سے مزید روزگار کے مواقع فراہم ہونگے ۔ اس موقع پر انجینئر عثمان بادینی نے کہاکہ ریکوڈک پروجیکٹ گیم چینجرہے، جس کے ذریعے رخشان ڈویژن سمیت بلوچستان کی تقدیر بدلنے کی امید ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ ترقیاتی کام کے دائرہ کار کو بڑھا کر چاغی کے دیگر علاقوں سمیت پورے رخشان ڈویژن تک پھیلایا جائے گااور رخشان ڈویژن چاغی، نوشکی، خاران اور واشک کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے،ہیڈ ایشلے پرائس نے کہا کہ جلد چاغی میں ضلعی سطح اور رخشان میں ڈویژنل سطح پر کمیٹیوں کا قیام عمل میں لاکر ترقیاتی کام شروع کریں گے۔ انجینئر عثمان بادینی نے ایشلے پرائس کو یقین دلایا کہ ریکوڈک پروجیکٹ کے ساتھ ہر سطح پر مکمل تعاون کریں گے تاکہ علاقے میں ترقیاتی کام کا عمل جاری رہے۔