فرینکفرٹ (سید اقبال حیدر) پاکستان قونصلیٹ فرینکفرٹ کے قونصلیٹ جنرل زاہد حسین اپنی تعیناتی کی مدت مکمل کر کے پاکستان روانہ ہو گئے۔ ان کی جگہ ہیڈ آف چانسلری شفاعت کلیم خٹک نے بطور قونصلیٹ جنرل پاکستان ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ نئے قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ شفاعت کلیم خٹک نے روزنامہ جنگ سے گفتگو میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا انمول سرمایہ ہیں اور ملک کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، جرمنی میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اور بزنس کمیونٹی کا کردار بھی قابل ستائش ہے پاکستان قونصلیٹ فرینکفرٹ کے دروازے ہر پاکستانی کیلئے کھلے ہیں، وہ اور ان کا عملہ ہم وطنوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔