کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) گڈ گورننس کے دعوے محض دعوے ہی ثابت ہونے لگے،سینارٹی لسٹ میں 40 ویں نمبر والے کو کوئٹہ کا قائمقام نائب تحصیلدار تعینات کردیاگیا۔بورڈ آف رونیو بلوچستان کے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق قائمقام نائب تحصیلدار دشت مستونگ آصف اقبال کو قائمقام نائب تحصیلدار ضلع کوئٹہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ وزیر محمد کو تحصیل آفس سریاب ضلع کوئٹہ میں قانون گو کے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمانہ ذرائع نے بتایا ہے کہ تعینات ہونے والے قائمقام نائب تحصیلدار ضلع کوئٹہ آصف اقبال ایک جونیئر آفیسر ہیں اور سینارٹی لسٹ میں ان کا 40 واں نمبر ہے جبکہ اس کے برعکس ایک سینئر نائب تحصیلدار کو او ایس ڈی کیا گیا ہے،محکمانہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس معاملہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھی علم میں لایا گیا ہے۔