• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ای او کے الیکٹرک و دیگر کے خلاف شوکاز نوٹس جاری

کراچی ( رپورٹ :محمد منصف ) قومی صنعتی تعلقات کمیشن ( این آئی آر سی ) کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں فل بینچ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی اور دیگر حکام کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، بینچ نے مونس علوی سے وضاحت طلب کی ہے کہ عدالتی حکم کے بر عکس ملازم کو برطرف کرنے پر کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جمعرات کو این آئی آر سی کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے فل بنچ نے کہا ہے کہ 2021 میں لیبر کورٹ نے کے الیکٹرک کو درخواست گزار کی ملازمت کے خلاف کوئی منفی کارروائی کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ تاہم درخواست گزار غلام چانڈیو نے اپنے وکیل حیدر امام رضوی کے توسط سے موقف اختیار کیا کہ انہیں حکم امتناعی کے باوجود ملازمت سے برطرف کیا گیا اور کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی کہ وہ کے الیکٹرک یونین کے ممبر ہیں اور اسے انتظامیہ انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے۔