• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ای سی ایچ ایس، گھر میں 13 کروڑ ڈکیتی کی واردات معمہ بن گئی

کراچی (ثاقب صغیر )پی ای سی ایچ ایس میں کار ڈیلر کے گھر 13 کروڑ کی ڈکیتی کی واردات معمہ بن گئی۔ پولیس نے پراسرار خاموشی اختیار کر لی۔مدعی مقدمہ سالک اور ملزم شہریار کے درمیان روابط کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہریار اور سالک ایک ہی جم اور اسنوکر کلب جایا کرتے تھے۔ گرفتار بہن بھائی اہل خانہ کے ہمراہ حالیہ دنوں میں پی ای سی ایچ ایس سے ڈیفنس فیز 5 شفٹ ہورہے تھے، زرائع کا کہنا ہے کہ مکان کی شفٹنگ کے دوران بھی مبینہ طور پر مدعی مقدمہ اور نامزد ملزم رابطے میں تھے۔ ایک ماہ قبل مبینہ طور پر مدعی مقدمہ اور نامزد ملزمان کے درمیان ذاتی نوعیت کا جھگڑا بھی ہوا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ ملزمہ یسرا زیب کو گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا جبکہ نمرا اور شہریار کو مبینہ طور پر ڈیفنس فیز 5 میں واقع بنگلے سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے گھر پر 2 بار چھاپے مارے گئے۔دوسرا چھاپہ 29 جون کی صبح مارا گیا۔چھاپے کے دوران تیسری بہن نوراہ معمولی زخمی ہوئی۔ فیروزآباد تھانے میں درج مقدمے میں 3 خواتین اور 2 مردوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ڈکیتی کے الزام میں گرفتار افراد بھی مجموعی طور پر 5 بہن بھائی ہیں۔پولیس کی پراسرار خاموشی نے مقدمہ اور تفتیش پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔لوٹی ہوئی رقم ، سامان ، واردات میں استعمال ڈبل کیبن کا تاحال سراغ نا لگایا جا سکا ہے۔اس حوالے سے ایس پی جمشید عمیر باجاری اور ایس پی انویسٹیگیشن علینہ راجپر سے رابطہ کیا گیا تاہم دونوں کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔
ملک بھر سے سے مزید