لندن( نیوز ڈیسک)دنیا بھر میں بہت سے مشہور تھیم پارکس ہیں۔ تاہم ایک پارک باقیوں سے سب سے الگ ہے اور وہ ہے کورونا وائرس تھیم پارک۔ویتنام میں واقع اس منفرد پرکشش پارک کو Covid-19 پارک کہا جاتا ہے۔ یہ ٹوئن لام جھیل نیشنل ٹورسٹ کمپلیکس کا حصہ ہے جو ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع ہے۔ماضی میں کئی سوشل میڈیا صارفین اس کے بارے میں پوسٹ کر چکے ہیں لیکن حال ہی میں یہ ایک 29سالہ برطانوی سوشل میڈیا صارف ایلا ریبک کی ایک پوسٹ کے بعد وائرل ہوا ہے جنہوں نے اس پارک کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ایلا ریبک نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ کیا کوئی جانتا ہے کہ یہ موجود ہے؟ کون کوویڈ 19کی تھیم پر ایک مکمل پارک بناتا ہے؟" مجھے ویتنام بہت پسند آرہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک عجیب تجربہ تھا۔ میں اور دوسرے مسافر اپنی ہنسی روک نہیں پارہے تھے اور ہم ادھر ادھر دیکھتے رہے کہ آیا کسی مقامی لوگوں کو بھی یہ مضحکہ خیز لگ رہا ہے، لیکن وہ سب سنجیدہ لگ رہے تھے۔