کوونٹری ( نمائندہ جنگ ) نوجوان کاروباری شخصیت محمد قیصر چیچی نے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سفارت کار ملک کی نمائندگی کرتا ہے، وہ کسی پارٹی کا نمائندہ نہیں ہوتا، ڈاکٹر محمد فیصل نے ہائی کمیشن کا چارج سنبھالتے ہی پاکستان کا مقام بلند کیا اور سفارتکاری کے حوالے سے کئی اہم اقدامات اٹھائے، ملک کو درپیش مخصوص سیکورٹی خطرات اور دگرگوں معاشی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے تجربے اور بہترین سفارت کاری کے ذریعے تعلقات کا موثر سلسلہ شروع کیا جس سے پاکستان کو برطانیہ میں سفارتی سطح پر بڑے پیمانے پر کامیابیاں ملیں۔ محمد قیصر چیچی نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل خندہ پیشانی سے بات کرتے ہیں اور کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ چند افراد اور سیاسی پارٹی کی طرف سے ہائی کمیشن پر غیر ضروری تنقید کی جاتی ہےجو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں پاکستان کی پہچان ہے اسے سیاسی نہیں بلکہ سفارتی طور پر ہی دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا ملکی اور قومی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی ڈاکٹر محمد فیصل کو ایوارڈ دے گی ۔