• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: شاہد حسین کی رضوان دلدار کے اعزاز میں تقریب

برسلز(نمائندہ جنگ) برسلز کی سیاسی و سماجی شخصیت ،او پی سی بلجیم کے چیئرپرسن سید شاہد حسین شاہ نے علی چوہدری کے بڑے بھائی گجرات کی سیاسی ،سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری رضوان دلدار کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی سے علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے کیا۔ نظامت عظیم ڈار نے کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری رضوان دلدار نے تقریب کے منتظم سید شاہد حسین شاہ کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گجرات میں گردہ کے مریضوں کیلئے کڈنی سنٹر تشکیل دیا ہے، جہاں روزانہ 100 سے زائد مریضوں کے ڈائلیسزکئے جاتے ہیں۔ گجرات شہر کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے140 فلٹر پلانٹس لگانے کے علاوہ گجرات کے مشہور جیل چوک کی تزئین وآرائش کرکے وہاں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر آویزاں کی گئی ہے اور قائد ملت کی یادگار بناکر قیام پاکستان کی یاد کو تازہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مختلف فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر غریب اور نادار بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کےلیے سکول کی بنیاد رکھی ہے۔انھوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کیلئے شوکت خانم جیسی لیبارٹری کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔علی چوہدری نے کہا کہ ہمیں دیار غیر میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کےلیے مل کر مثبت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سید شاہد حسین شاہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تقریب کا مقصد آپس میں بھائی چارے کی فضا کو مضبوط اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کی کوشش ہے۔تقریب میں چوہدری احسان آف ڈھول سرائے نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ۔پروگرام کے منتظم سید شاہد حسین شاہ نے مہمان خصوصی چوہدری رضوان دلدار کو گلدستہ پیش کیا۔پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
یورپ سے سے مزید