پیرس ( رضا چوہدری ) بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی سرکار سزا اور خوف کے ذریعے آمرانہ ذہنیت کی حکمرانی اور انتہائی مظالم پر اتر آئی ہے۔ یہ بات کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیرمین زاہد اقبال ہاشمی نے قانونی مشاورت کےلئے وکلا سے ملاقات اور مشاورت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے آمد نئی خبروں کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم بربریت ، گھر گھر تلاشیوں خواتین کو حراساں کرنے کے ساتھ اب مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کوبغیر کسی قانونی کارروائی کے بیک جنبش قلم فارغ کرکے انڈین ہندوؤں کو تعینات کرنا شروع کر دیا تاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حیثیت اقلیت میں بدل سکے۔مودی حکومت نے آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قید اور نظر بند وں کی انڈین جیلوں میں منتقلی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ہم بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری رہنماؤں، کارکنوں، وکلاء اور صحافیوں کی رہائی کےلئے فوری طور پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا ہوگا تاکہ بے گناہ جیلوں میں قید یا نظر بند کشمیریوں جن میں وکلا ، انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں، تاجروں اور نوجوانوں کو رہائی مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ نظربند اور قیدیوں کے خاندانوں کو اس شدید سردی کے موسم میں بے سہارا کردیا گیا۔