کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں ایک دوسرے پر قتل کے سنگین الزامات لگا رہے ہیں ، بشار الاسد کا اقتدا رختم ہونے کے بعد ایران کی مشرق وسطیٰ میں پوزیشن مزید کمزور ہوگئی ہے اسرائیل اس سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے،بشار الاسد فرار سے قبل اپنے بھائی اور کزنز کو بھی دھوکہ دیتے رہے۔
میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی چوک پر تحریک انصاف کے احتجاج کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی دونوں ایک دوسرے پر قتل کے سنگین الزامات لگا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی نے کارکنوں کی فہرست عدالت میں جمع کرادی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور نامعلوم افرا دکے خلاف کارروائی کی ابتدا کردی ہے۔
دوسری جانب 24نومبر کے احتجاج میں تین رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کے واقعے پر عمران خان کے خلاف ایف آئی آر سامنے آگئی ہے۔جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سارا منصوبہ اڈیالہ جیل میں بنایا گیا۔
شیر افضل مروت نے دعویٰ کردیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان نے توابھی مذاکرات کا کہا ہی نہیں ہے۔ ابھی تو صرف مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے۔اس وقت پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں میں ماتم ہے ایسی صورتحال میں مذاکرات کا شوشہ چھوڑنا مناسب نہیں ہے۔شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔
آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں کو85 سویلین کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی اجازت دے دی ہے۔ جن سویلین کو رعایت مل سکتی ہے انہیں رہا کیا جائے۔
شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ نے سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے چیئرمین رولز کمیٹی جسٹس جمال مندو خیل کو خط لکھ دیا ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ یہ معاملہ عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی اور ملک میں جمہوریت کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ بشار الاسد کا اقتدا رختم ہونے کے بعد ایران کی مشرق وسطیٰ میں پوزیشن مزید کمزور ہوگئی ہے اسرائیل اس سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔
بشار الاسد فرار سے قبل اپنے بھائی اور کزنز کو بھی دھوکہ دیتے رہے۔انہیں یہ بتاتے رہے کہ روس سے مدد آرہی ہے اور پھر خود روسی جہاز میں فرار ہوگئے۔
بشار الاسد نے ملک چھوڑنے کے اپنے منصوبے کے بارے میں تقریباً کسی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا۔شام میں اسرائیلی فضائیہ آزادانہ کارروائیاں کررہی ہے۔