کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری پانچ روزہ عالمی کتب میلے کے دوسرے روز بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے کتب میلے میں شرکت کی۔صبح سے ہی بڑی تعداد میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹی، مدارس کے طلبہ سمیت سماجی، ادبی اور سرکاری شخصیات نے بھی کتب میلے کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن انسٹی ٹیوشن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید، ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا، ڈی ایس پی ایسٹ ہیڈ کواٹرزرین منظور شاہ، جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبدالسمیع نے بھی کتب میلے کا دورہ کیا۔ عالمی کتب میلے میں ترکی کی جانب سے لگائے جانے والا اسٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا جہاں ترکی کی جانب سے مفت اسلامی کتابیں شہریوں میں تقسیم کی گئیں۔ شہریوں نے بھی ترکی کتب میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترکی اسٹال کے نمائندہ محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا بردار ملک ہے یہاں کے لوگ انتہائی پُر خلوص ہیں مجھے پاکستان بہت پسند آیا اگلے سال پھر آنے کا ارادہ ہے۔ یہاں کے نوجوانوں میں کتب کی محبت دیکھ کر خوشی ہوئی کتب میلے میں شہریوں کی دلچسپی انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں کتب کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے یہ کتب میلہ ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا نواجوان اس وقت بھی کتب میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ڈائریکٹریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن انسٹیٹیوٹ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رافعہ جاوید کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں بھی کتابوں کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے۔ یہ ضرور ہوا کہ نئی نسل کا رجحان کتب کی جانب کم ہوگیا ہے موبائل یا ٹیبلیٹ کے ذریعہ آسانی مواد تک آسانی ضرور ہے مگر اس وقت بھی کتب بینی کے شوقین افراد بڑی تعداد میں موجود ہیں اس کا منہ بولتا ثبوت عالمی کتب میلے میں شہریوں کی دلچسپی ہے۔ عالمی کتب میلہ کراچی کے شہریوں کے لیے نعمت سے کم نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کتب ہماری بنیاد ہے اور ہم نے اپنی نئی نسل کو یہی بنیاد دینی ہے۔ یہ عالمی کتب میلہ بنیاد بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ جناح ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع کا کہنا تھاکہ میں ہرسال اس کتب میلے میں شرکت کرتا ہوں آگاہی اور درخشاں مستقبل کے لیے ایسی کتب نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ عالمی کتب میلے کے آخری روز ہمارے ٹاؤن کے تقریباً تمام اسکولز کتب میلے میں شرکت کریں گے۔