کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)خضدار کے رہائشی خلیل احمد نے کہا ہے کہ خضدار مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ، حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خضدار پسماندگی کی تصویر ہے ، حکومت کی عدم توجہی سے مسائل جنم لے رہے ہیں ، تعلیم و صحت کی سہولیات کا فقدان ہے۔ ان شعبوں کی فعالیت کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات بھی نہیں کئے جارہے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔علاج معاجہ کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے مریضوں کو دوسرئے شہروں میں علاج کی غرض سے لے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خضدار کے دیہی علاقوں میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی ہورہی ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ جنگلی حیات کی نسل کشی جاری ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا خضدار کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔