وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ بار بار لاشوں کا ذکر کر رہے ہیں ،ایک نمبر بتادیں، ان کے 10 رہنما 10 الگ نمبر بتاتے ہیں، یہ اصل تعداد معلوم نہیں ہوتی تو جھوٹ پھیلایا جا رہا ہوتا ہے، یہ بچنے کے لیے بار بار جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ یہ بار بار لاشوں کا ذکر کر رہے ہیں، ایک نمبر بتا دیں، انہیں خود نہیں پتا، انہوں نے راہ فرار اختیار کی، یہ جھوٹ پر مبنی بیانیہ ہے اس لیے الگ الگ نمبر دے رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کرم کے معاملے پر علی امین گنڈاپور سے رابطہ کرلیں، امن و امان کی ذمے داری صوبائی سبجیکٹ ہے، امن و امان کیلئے ہم حاضر ہیں مگر اسلام آباد پر لشکر کشی کر رہے تھے، کاش اس وقت انہوں نے کرم کا دورہ کیا ہوتا، وہاں امن پر توجہ دی ہوتی تو آج یہاں احتجاج کی نوبت نہ آتی۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ قوم کو مبارک ہو کہ پی آئی اے کی یورپ کیلئے فلائٹس بحال ہوئی ہیں، پی ٹی آئی دور میں ان کے وزیر نے پی آئی اے پر بات کی تو دنیا میں نیشنل کیریئر پر سوالات اٹھے، پی ٹی آئی دور میں پوری دنیا میں پی آئی اے کی فلائٹس بین ہوئیں، موجودہ دور میں پی آئی اے کی فلائٹس بحال ہوئی ہیں، انہیں پی آئی اے پر بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔