کراچی(نیوزڈیسک)براعظم افریقا میں فرانسیسی جزیرے کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مایوٹ جزیرے پر سمندری طوفان چیدو کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سیکڑوں ہے اور یہ ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے۔غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرانسیسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ فرانس نے بحر ہند میں شدید تباہی کا شکار اپنے اس غریب سمندر پار علاقے میں امدادی ٹیمیں اور ضروری سامان روانہ کر دیا ہے۔فرانسیسی وزارت داخلہ نے اتوار کو کم از کم 11 افراد کی ہلاکت اور 250 سے زائد زخمیوں کی تصدیق کی لیکن یہ بھی کہا کہ یہ تعداد کافی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔افریقا میں فرانسیسی علاقے مایوٹ کے پریفیکٹ فرانکوئیززاویر بیوول نے مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔