غزہ، کراچی (اے ایف پی، جنگ نیوز) غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی امید بڑھ گئی ہے، حماس نے کہا ہے کہ قطر کی ثالثی میں سنجیدہ اور مثبت مذاکرات ہوئے ہیں، اسرائیل نے مزید شرائط عائد نہ کیں تو جنگ بندی معاہدہ ہوسکتا ہے۔ امریکا نے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے حوالے سے محتاط امید دیکھ رہا ہے، واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی ایسی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں اپنے دو فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں فوجی ایک مخدوش عمارت گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ قبل ازیں اسرائیلی حکام نے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے دوحہ پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا کہ حماس کی شکست کے بعد اسرائیل کو غزہ کی پٹی پر مکمل آزادی کے ساتھ سیکورٹی کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق دوحا میں مذاکرات کا محور امریکی صدر جوبائیڈن کے 31 مئی کے فارمولے کے مطابق جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی ہے۔