کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے دودھ میں ملاوٹ اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر لورالائی میں کریک ڈاؤن کے دوران متعدد ملک شاپس سمیت 14 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق عوام تک خالص دودھ کی یقینی فراہمی کیلئے زونل انسپکشن ٹیم نے لورالائی کے مختلف مضافات میں چیکنگ کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 11 ملک شاپس ، صفائی ستھرائی کی خراب حالت و ملاوٹی دودھ میں چائے کی تیاری سمیت مختلف وجوہات پر ایک ہوٹل جبکہ لائسنس نہ ہونے اور زائد المیعاد خوردنی مصنوعات کی موجودگی پر 2 جنرل اسٹورز مالکان کو جرمانہ کیا۔ دودھ فروشوں کے خلاف دودھ کی مقدار بڑھانے کیلئے اس میں خشک پاؤڈر اور پانی کی مکسنگ پر ایکشن لیا گیا۔ علاوہ ازیں جنرل اسٹورز سے پکڑی گئی ایکسپائرڈ کولڈڈرنکس و دیگر مصنوعات کی بڑی مقدار موقع پر تلف کردی گئی ۔ قبل ازیں دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے متعدد ملک شاپس اور ہوٹلوں سے ملک سیمپلز لیکر موبائل لیب کے ذریعے آن دی اسپاٹ ٹیسٹ کئے گئے۔