• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بندگانِ خدا کو دین اور اسلامی تعلیمات سے روکنا

مفتی عبید الرحمٰن

نصوص کے پیش نظر جو چیز ایک بڑےجرم اور عظیم گناہ کی حیثیت رکھتی ہے، وہ ’’صدّ عن سبیل اللہ‘‘ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کے راستے سے لوگوں کو روکنا، اللہ تعالیٰ کے راستے سے یہاں دینِ اسلام اوراس کی تمام تر تعلیمات مراد ہیں۔ اسلامی تعلیمات کے اصل مخاطب چونکہ مسلمان ہوتے ہیں اور مسلمان سے یہ تصور نہیں ہوسکتا کہ وہ لوگوں کو دینِ اسلام سے روکنے کی جسارت کریں گے۔ 

نیز خلافت یا واقعی اسلامی حکومت کے سایے میں رہتے ہوئے ایک طرف دینی اور مذہبی حس بیدار اور توانا رہتی ہے، ساتھ دینی نقطۂ نظر سے پروپیگنڈے کا بھی ماحول نہیں ہوتا، اس لیے ایسے ماحول میں رہتے ہوئے ایک مسلمان سے بہت بعید ہے کہ وہ کسی کو دینی تعلیمات سے روکے یا اس کا ذریعہ بنے۔ 

شاید یہی وجہ ہے کہ گناہوں کی تفصیلات پر مشتمل کتابوں میں اس گناہ کا عام طور پر ذکر نہیں ملتا۔ یہاں پہلے چند نصوص ذکر کیے جاتے ہیں جن سےاس جرم کی مذمت واضح ہورہی ہے، ساتھ ہر نص سے حاصل ہونے والے کچھ فوائد ونتائج بھی اختصار کے ساتھ ذکر کیے جائیں گے، اس کےبعد اس کی مختلف صورتیں اور ان کے شرعی احکام اور پھر عملی تجاویز ذکر کی جائیں گی۔

مذمت پر مشتمل چند نصوص:۔ ارشادِ خداوندی ہے: ترجمہ: ’’ لوگ آپ سے شہرِ حرام میں قتال کرنے کے متعلق سوال کرتے ہیں، آپ ﷺفرما دیجیے کہ اس میں (خاص طور پر) قتال کرنا (یعنی عمداً) جرمِ عظیم ہے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں روک ٹوک کرنا اور اللہ کے ساتھ کفر کرنا اور مسجدِ حرام (یعنی کعبہ) کے ساتھ اور جو لوگ (مسجد حرام) کے اہل تھے ان کو اس سے خارج کردینا جرم عظیم ہے، اللہ تعالیٰ کے نزدیک اور فتنہ پروازی کرنا (اس) قتل (خاص) سے بدرجہا بڑھ کر ہے۔‘‘ (سورۃالبقرہ: ترجمہ بیان القرآن)

اس آیتِ مبارکہ سے ’’صد عن سبیل اللہ‘‘ کا عظیم گناہ ہونا واضح ہورہا ہے، ایک تو اس لیے کہ اسے حرمت کے مہینوں میں قتل وقتال کرنےسے زیادہ بڑا (گناہ) قرار دیا، ساتھ ہی دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ اسے کفر اور مسجد حرام کے اہل کو وہاں سے نکالنے جیسے گناہوں کےساتھ ملا کر ذکر فرمایا گیا۔ فرمانِ خداوندی ہے:’’ اور تم اپنی قسموں کو آپس میں فساد ڈالنے کا ذریعہ مت بناؤ، کبھی (اسے دیکھ کر) کسی اور کا قدم جمنے کے بعد نہ پھسل جائے، پھر تمہیں اس سبب سے کہ تم (نقص عہد کرکے دوسروں کے لیے) راہِ خدا سے مانع ہوئے تکلیف بھگتنا پڑے اور تم کو بڑا عذاب ہوگا۔‘‘(سورۃالنحل: ۹۴) 

اگر لوگ اپنی قسموں کو باہم فساد کا ذریعہ بنائیں گے توکچھ لوگ دیکھ دیکھ دین سےہی دل برداشتہ ہوجائیں گے، اس کی وجہ سے مسلمانوں کو عذاب وتکلیف اُٹھانی پڑے گی۔ اس سے معلوم ہواکہ جو گناہ لوگوں کو دین سے دور کرنے کا باعث ہو، اس کا ارتکاب کرنا اس ناجائز ’’اللہ تعالیٰ کے راستے سے روکنے‘‘ میں داخل ہے، اگر چہ کرتے وقت یہ پہلو مقصود نہ بھی ہو۔نیزضابطہ یہ ہے کہ جس گناہ پر عذاب کی وعید آئی ہووہ کبیرہ گناہ قرار پاتا ہے۔ متعدد آیات میں عذاب کی وعید وارد ہونےسے واضح ہوجاتا ہےکہ اللہ کے راستے سے روکناکبیرہ گناہ ہے۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ترجمہ: ’’اور اہلِ جنت اہلِ دوزخ کو پکاریں گے کہ ہم سے جو ہمارے رب نے وعدہ فرمایا تھا ہم نے تو اسے واقعے کے مطابق پایا ، سو (تم سے) جو تمہارے رب نے وعدہ کیا تھا تم نے بھی اس کو مطابق واقع کے پایا؟ وہ کہیں گے کہ ہاں! پھر ایک پکارنے والا دونوں کے درمیان میں پکارے گا کہ اللہ کی مار ہو (ان) ظالموں پر، جو اللہ کی راہ سے اِعراض کیا کرتے تھے اور اس میں کجی تلاش کرتے رہتے تھے اور وہ لوگ آخرت کے بھی منکر تھے۔‘‘ (سورۃ الاعراف: ۴۴، ۴۵)اس آیت سے واضح ہوا کہ: الف:جو لوگ اللہ تعالیٰ کی راہ سے لوگوں کو روکتےہیں، وہ کھلےظالم ہیں۔ب: ایسے لوگ خدا تعالیٰ کی رحمت سے دور اور لعنت کا نشانہ بنیں گے۔ج: ایسا کرنا اہلِ جہنم کی صفت اور ان کی عادت ہے۔

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:ترجمہ: ’’ اور بڑی خرابی یعنی بڑا سخت عذاب ہے ان کافروں کو جو دنیوی زندگانی کو آخرت پر ترجیح دیتے ہیں اور (بلکہ) اللہ کی راہ (مذکور) سے روکتے ہیں اور اس میں کجی (یعنی شبہات) کے متلاشی رہتے ہیں ، ایسے لوگ بڑی دور کی گمراہی میں ہیں۔‘‘(سورۂ ابراہیم: ۲، ۳)اس آیتِ کریمہ سے واضح ہوتاہے کہ ’’اللہ تعالیٰ کے راستے سےروکنا‘‘ بڑی گمراہی ہے، کافروں کی بری اور بہت ہی مذموم صفت ہے، ایسی صفت ہے جس کی وجہ سے کافر لوگ بھی سخت عذاب سےدوچار ہوں گے۔

فرمانِ ربانی ہے: ترجمہ: ’’ بےشک جو لوگ کافر ہوئے اور انھوں نے اللہ کے راستے سے روکا اور رسول (علیہ السلام ) کی مخالفت کی بعد اس کے کہ ان کو (حق اور سچائی کا) راستہ نظر آچکا تھا، یہ لوگ اللہ کو کچھ نقصان نہ پہنچاسکیں گے۔ اور اللہ تعالیٰ ان کی کوششوں کو مٹادے گا۔ ‘‘ (سورۂ محمد: ۳۲)

اس آیتِ مبارکہ میں تین گناہوں اور جرائم کی بنیاد پر ’’حبطِ اعمال‘‘ یعنی نیک اعمال ضائع ہونے کی وعید سنائی گئی ہے، ان تین میں سے ایک جرم یہی ’’صدّ عن سبیل اللہ‘‘ (اللہ تعالیٰ کے راستے سے روکنا) ہے اور نیک اعمال کی بربادی میں اس عمل کا خاص دخل ہے۔ 

اسی سورت کی بالکل پہلی آیت میں پہلے دو جرائم یعنی کفر اور ’’صد عن سبیل اللہ‘‘ پر بھی (نیک) اعمال کا گنوا دینا مذکور ہے۔ اس کے علاوہ مختلف آیات سے واضح ہوجاتا ہے کہ یہ کام احبار ورہبان، اہلِ کتاب، قومِ لوط اور مشرکین کے اعمالِ بد کی فہرست میں نمایاں طور پر شامل تھا۔

اللہ کے راستے کے دو مصداق/صورتیں :۔ زیرِ بحث گناہ ’’اللہ کے راستے سے روکنے‘‘ کی مختلف صورتیں ہوسکتی ہیں جن میں سے چند نمایاں صورتیں یہاں درج کی جاتی ہیں۔ اس مسئلے میں ’’اللہ کے راستے‘‘ کا مصداق پورا دین اسلام بھی ہے اور اس کی مختلف شاخیں بھی، چنانچہ بعض دفعہ پورے دینِ اسلام ہی سے لوگوں کو دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ کوئی شخص اس دین میں داخل نہ ہو یا جو لوگ اس کے تحت سرسری طور پر داخل ہیں، وہ اس کے ساتھ پوری وابستگی اختیار نہ کرلیں، جبکہ بعض مرتبہ پورے دین کے ساتھ تو ایسا معاندانہ رویّہ اختیار نہیں کیا جاتا، تاہم اس کے بعض شعبوں کے ساتھ ایسا سلوک روا رکھا جاتا ہے، چنانچہ مختلف طبقات ایسے ہیں جو پردہ، مسنون لباس و حلیہ، دین پرعمل وغیرہ سے لوگوں کو دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

روکنے کی متعدد صورتیں:۔ پھر اللہ تعالیٰ کی اس راہ سے ’’روکنے‘‘ کی بھی دسیوں شکلیں ہوسکتی ہیں، بنیادی طور پر اس کی دو صورتیں ہیں:

الف: صراحت کےساتھ روکنا، مثال کےطور پر کوئی شخص/تنظیم/ملک یہ اعلان کرے کہ کوئی اسلام قبول نہیں کرے گا، یا کوئی شخص /گھرانہ فلاں شرعی حکم پر عمل نہ کرے۔

ب: صراحت کیے بغیر روکنا، مثال کےطور پر کوئی شخص/تنظیم/ملک کسی مجبوری یامصلحت کے پیش نظر باقاعدہ طور پر یہ اعلان تو نہ کرے کہ کوئی اسلام قبول نہیں کرے گا، یا کوئی شخص /گھرانہ فلاں شرعی حکم پر عمل نہ کرے، لیکن یہی مقصود دوسرےطریقے سے پورا کرے۔

ان دونوں طریقوں میں سے کسی بھی طریقے سے اس مذموم مقصد کو حاصل کرنے کےلیے مختلف وسائل اختیار کیے جاتے ہیں، مثال کے طور پر:الف:بعض اوقات اس پر سزا مقرر کی جاتی ہےکہ جو شخص اس اعلان کی خلاف ورزی کرے گا، اس کو جسمانی سزا دی جائے گی، بعض جگہ جسمانی سزا کی جگہ مالی یا قید وبند کی سزا تجویز کی جاتی ہے۔ب: بعض اوقات اس اعلان کی پاسداری پر انعام مقرر کردیا جاتا ہے۔ 

مثال کے طور پر جو شخص اسلام قبول نہ کرے یا اسلام کے مخصوص حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرے، اس کے لیے کوئی انعام دیا جاتا ہے، پھر یہ انعام بعض اوقات تو نقد رقم یا قیمتی اشیاء کی صورت میں اس کو دیاجا تاہے، بعض اوقات منصب ولقب کی شکل میں، جبکہ بعض اوقات کسی بدنی یامالی بوجھ سے چھوٹ دینے کی صورت میں اس کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ ج: اس سے یہ بھی واضح ہوا کہ موافق یا مخالف ماحول پیدا کرنا بھی جزا وسزا کی ایک صورت اور اللہ تعالیٰ کی راہ سے روکنے کی ایک شکل ہے، اوربہت سی جگہ ’’دین کی راہ سےروکنے‘‘ کے لیے یہی صورت اختیار کرلی جاتی ہے۔ 

چنانچہ مسلمان ہونے کی بنیاد پر یا اسلام کے کسی خاص حکم پر عمل کرنے کی بنیاد پر اس کے ساتھ سختی کا معاملہ روا رکھا جاتا ہےاور مسلمان نہ ہونے یا اس کے کسی خاص حکم کی مخالفت کرنے کی بنیاد پر اس کے ساتھ ہمدردی، احسان واِکرام کا معاملہ کیا جاتا ہے۔د: صراحت کے بغیر روکنے کی ایک صورت وہ بھی ہے جس میں اس وقت مسلمان معاشرے کے متعدد طبقات بھی مبتلا ہیں، وہ یہ ہے کہ خود دین اسلام پر کوئی نقد و اعتراض نہ کریں، لیکن مسلمانوں یا دین اسلام کی بعض خاص تعلیمات کے متعلق نقد واعتراض کا ماحول پیدا کریں۔ 

اس کے بارے میں لوگوں کی ’’رائےعامہ‘‘ کو بدلنے یا ’’ہموار‘‘ کرنے کی کوشش کریں، خواہ وہ فلسفیانہ انداز میں اشکال کرنے کی صورت میں ہو یا ماحول وحالات کے سازگار نہ ہونے اور دینی حکم پر عمل کرنے کی صورت میں عائد ہونے والےخطرات وخدشات کو اُبھارنے کی صورت میں ہو، اُبھارنا چاہے خود براہِ راست ہو یا کسی اور فتنہ پردازشخص کی تشہیرو تعاون کی صورت میں ہو۔

عملی مظاہر:۔’’اللہ تعالیٰ کے راستے سے روکنے‘‘کا جومفہوم درج بالا سطور میں بیان کیا گیا ہے، اس کا مختلف سطح پر ارتکاب بلکہ اہتمام کیاجاتاہے، بہت سی تنظیمیں اورا فراد اس کے لیے میدان میں اُترچکے ہیں، جو مختلف جگہوں پر مختلف طریقوں سے اس مذموم مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں، اللہ تعالیٰ ان کے شرور سے پوری اُمتِ مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کو محفوظ ومامون فرمائے، لیکن درج ذیل میدانوں میں اس کا خاص طور پر ایسا اہتمام کیاجاتاہےجو مؤثر کن بھی ہے اور تباہ کن بھی:۔

:1:صحافت:اخبار، رسائل وجرائد، کتابیں اور مقالات۔

2:میڈیا: صحافت اور میڈیا آپس میں مربوط ہیں، تاہم یہاں اس سے آڈیو، ویڈیو، تصویر، ڈاکومنٹری، صوتی بیانات وتقاریر وغیرہ جیسی چیزیں مراد ہیں۔

3:دینی جامہ پہن کراور مذہبی لبادہ اوڑھ کر قصداً کوئی ایساغلط کام انجام دینا جو لوگوں کے دلوں میں دین اور اہلِ دین کی بدنامی، ہتکِ عزت وغیرہ کا سبب ہو۔

مختلف درجات و صورتیں اور فقہی حکم:۔

الف:اگر کوئی شخص:

1: دینِ اسلام کے قطعی ثابت شدہ احکام کو درست ماننے کے لیے تیار نہ ہو۔2:درست تو مانتا ہے، مگراس کے ماننےکو ضروری نہیں سمجھتا۔3:درست ماننے کے باوجوداس کے ساتھ نفرت وعناد رکھتا ہو۔4:اس پر ٹھیک طریقے سے عمل کرنے کو مسلمانوں کی بربادی اور زوال کا باعث سمجھتا ہو۔5:اس کو آج کے دور میں ناقابلِ عمل جانتا ہو اور اس لیے کوئی متضاد راستہ مناسب خیال کرتا ہو۔ تو ان تمام صورتوں میں ایسا شخص گویاکفر کا ارتکاب کرتاہے اور ایسا شخص مسلمان نہیں ہوسکتا۔

ب:اگر کوئی شخص ان میں سے کسی کفریہ خیال واعتقاد کاقائل نہ ہو، لیکن یوں ہی کسی دنیوی مفاد کے لیے ایسا کرتا ہو تو یہ سخت گناہِ کبیرہ اور خطرہ ہے کہ اس کا یہ عمل اس کو کفر کی دہلیز تک پہنچادے۔ج:کسی شخص سے لاشعوری طور پر ایسا کوئی کام سرزد ہوجائے تو بھی اس کام کی نوعیت کو دیکھ کر حکم متعین کیا جائے گا کہ وہ کس درجے کا گناہ ہے۔

خلاصۂ کلام:۔ حاصل یہ ہےکہ اللہ تعالیٰ کے دین یا اس کے جزوی مسائل وتعلیمات سے لوگوں کو دور رکھنا، متنفر کرنا بڑے گناہوں اور عظیم جرائم میں سے ایک ہے، قرآن کریم اور احادیث مبارکہ میں اس کی مذمت فرمائی گئی ہے، اس لیے اس سے بچنےکا شدید اہتمام کرنا ضروری ہے، دیگر گناہوں کی بنسبت اس سے بچاؤ کا زیادہ اہتمام کرنے کی ضرورت اس لیے بھی ہے کہ یہ صرف ایک گناہ نہیں ہے جس کا اثر کرنے والے تک محدود ہو، بلکہ دیگر افراد تک بھی اس کا فساد متعدی ہوجاتا ہے، البتہ اس کی مختلف صورتیں ہیں جن کے احکام بھی مختلف ہیں، اس کی کچھ تفصیل گزشتہ سطور میں ذکر کی گئی ہے۔(واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب)

اقراء سے مزید