کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیوایم پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف ثقافتی اکائیوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے، اس ملک کی تعمیر و ترقی میں یہاں موجود تمام اقوام کا کردار ہے اور اسکی بنیاد میں بانیان پاکستان اور انکی اولادوں کا لہو شامل ہے، 24 دسمبر کو گورنر ہاؤس میں مہاجر کلچر ڈے پر سب کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ ہفتے کوکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کراچی میں آکر تمام قومیتوں کو یکجا ہونے کا موقع ملا، انکا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کراچی میں موجود برصغیر کے تمام کلچر کا گلدستہ و مرکز ہے ، ایم کیوایم پاکستان کا پیغام یہ ہے کہ آپ ہم کو تسلیم کریں ہم آپ کو تسلیم کرینگے، 24دسمبر مہاجر کلچر ڈے ایم کیوایم پاکستان کے تمام کارکنان و عوام بھرپور انداز میں منائیں گے سب کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں گے، سینئر رہنما اور مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں گذشتہ تین سالوں سے مسلسل سندھی کلچر ڈے کا انعقاد ہو رہا ہے اور اب سرکاری طور پر پہلی بار مہاجر کلچر ڈے منایا جائے گا۔