کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے رہائشی وڈیرہ شاہین قادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بھائی سمیت 2 افراد کو قتل اور بہن ، بھانجے سمیت 4 افراد کو زخمی کرنے والے لیویز اہلکار سمیت واقعہ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی، کیس کرائم برانچ منتقل اور مجھے و میرے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے ، یہ بات انہو.ں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی ۔ انہوں نے کہا کہ6 دسمبر کو دن دیہاڑئےکوئٹہ کے علاقے ایسٹرن بائی پاس پر واقع ٹی ٹی سی کالونی کے قریب ملزمان جن میں ایک لیویز اہلکار بھی شامل ہے نے رکشے پر فائرنگ کرکے میرے بھائی وڈیرہ زادہ علی محمد سمیت 2 افراد کو قتل ، بہن ، بھانجے سمیت 4 افراد کو زخمی کیا ، جن کے خلاف مقدمہ درج اور ڈی جی لیویز اور متعلقہ پولیس حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے لیکن تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ میرا بھانجا شدید زخمی حالت میں کومے میں ہے اور وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے لیکن تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جارہا میں نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر کو بھی درخواست دی ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملزمان نے رقم کے لین دین کے تنازعے پر فائرنگ کی مذکورہ رقم ملزمان نے ہمیں دینی تھی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارا کیس کرائم برانچ منتقل کیا جائے۔