کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)خواتین کو ہنر مند اوربااختیا بنا کر ہی معاشرتی ترقی کا خواب پورا ہوسکتا ہے، خواتین ملکی آبادی کانصف ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں اپنی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کررہی ہیں یہ باتیں فیاض حسن سجاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کےایگزیکٹو ممبرسید سلیم رضا ایڈووکیٹ نےفیاض حسن سجاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے تہذیب اسٹیچنگ اینڈ سیونگ سنٹرکے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں اس موقع پر تہذیب اسٹیچنگ اینڈ سیونگ سنٹرکی ڈائریکٹر ذاکرہ اچکزئی،انسٹرکٹر فہمیدہ صدام و دیگر بھی موجود تھے مقررین نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا خواتین نے تمام شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے مقررین نے کہا کہ صوبے کی دستکاری اشیاء نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پسند کی جاتی ہیں تاہم قابل افسوس امر یہ ہے کہ اس شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات نہیں کئے گئے اگر صوبے کی دستکاری اشیاء کو بین الاقوامی مارکیٹ پر متعارف کروایا جائے تو اس سے کثیر زرمبادلہ کے ساتھ سیکڑوں گھرانوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہوسکتی ہے۔ قبل ازیں فیاض حسن سجاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے تہذیب اسٹیچنگ اینڈ سیونگ سنٹر کو سلائی مشین و دیگر اشیا فراہم کی گئیں۔