• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین نے سلیکٹرز سے خود ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی درخواست کی

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان کے صف اول کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی تک وائٹ بال کرکٹ پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی درخواست پر سلیکٹرز نے انہیں جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جنوری میں ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ24 سالہ فاسٹ بولر نے سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ سے درخواست کی کہ انہیں آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کی وائٹ بال سیریز کے لئے آرام کی ضرورت ہے اس لئے ان کو ٹیسٹ ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا اور محمد عباس کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ محمد عباس نے آخری بار اگست 2021 میں جمائیکا میں ٹیسٹ کھیلا تھا، وہ اب تک 25 ٹیسٹ میں 90 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ ورک لوڈ منیجمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کو صرف وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہاکہ شاہین شاہ آفریدی کا ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ ہونا ایک اسٹریٹجک فیصلہ ہےتاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم رہیں۔ حیران کن طور پر جس وقت پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوگی اس وقت شاہین آفریدی بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ میں ایکشن میں ہوں گے۔ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاہین آفریدی نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پہلے میچ میں 46رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ کیپ ٹاؤن میں انہوں نے47 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے ۔ آخری ون ڈے میں انہوں نے70 رنز دے کر دو وکٹ لئے لیکن ہنرک کلاسن کی وکٹ سے انہوں نے میچ کا پاکستان کے حق میں کردیا۔ شاہین آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں دو میں ایک ٹیسٹ کھیلا تھا جبکہ انگلینڈ کے خلاف ملتان کے پہلے ٹیسٹ کے بعد انہوں نے اگلے دونوں میچ نہیں کھیلے تھے۔

اسپورٹس سے مزید