کراچی (جنگ نیوز) جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ میں شاندار کارکردگی نے صائم ایوب کو سپراسٹار بنادیا۔ غیرملکی میڈیا انہیں ’’ رن مشین‘‘ اور ’’صائم بم‘‘ قرار دے رہا ہے۔22 سالہ لیفٹ ہینڈ اوپنر نے سیریز میں دو سنچریاں اسکور کیں ۔ اس کارکردگی پر سابق کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پوسٹ پر انہیں چیتا قرار دیدیا۔ صائم کی کارکردگی کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے ۔ کہا جارہا ہے پاکستان کو دوسرا سعید انور مل گیا۔ صائم ایوب گذشتہ پانچ اننگز میں کی تیسری سنچری بنائی، یہ ان کا 9واں ون ڈے میچ تھا۔ انہوں نے سنچورین میں ٹی20 میچ میں ناقابل شکست 98 رنز بنائے تھے۔ تیسرے ون ڈے میں سنچری کے بعد صائم نے بھارتی کپتان روہت شرما اور شبھمن گل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سال ایوب تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے لحاظ سے دسویں نمبر پر ہیں۔ وہ اب تک 34 میچوں میں 33.69 کی اوسط سے 1231 رنز بناچکے ہیں ۔شبھمن گل 23 میچوں میں 1189 رنز کے ساتھ 11 ویں اور روہت شرما 27 میچوں میں 1142 رنز کے ساتھ 13ویں نمبر پر ہیں۔