کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان، جنوبی افریقا کو ون ڈے سیریز تین صفر سے ہرانے والی دنیا کی پہلی کرکٹ ٹیم بن گئی ۔کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں۔ ہماری ڈومیسٹک کرکٹ کافی سخت اور مشکل ہے جو لڑکے ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرسکتے ہیں وہ دنیا میں کہیں بھی پرفارم کرسکتے ہیں۔ اللہ تعالی نے ہمیں مختلف نتائج دیئے اور قوم اس پر خوش ہوگی۔ جنوبی افریقا جس نے پہلی بار 1991 میں باضابطہ طور پر ون ڈے سیریز میں حصہ لیا تھا، اسے ہوم گراؤنڈ پر کبھی بھی ایسی ہزیمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ان کی پہلی ہوم سیریز 1992 میں بھارت کے خلاف ہوئی تھی۔ تاہم اب پاکستان وہ ٹیم بن گئی جس نے افریقی سرزمین پر پہلی بار جنوبی افریقا کو 3 صفر سے ایک روزہ میچز کی سیریز میں شکست دی۔ محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے تین سیریز اس لئے جیتی ہے تو اس میں سنیئرز کے ساتھ جونیئرز نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ فارم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے لیکن خراب فارم کی وجہ سے یہ کہہ دینا کہ اس کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے درست نہیں ہے۔ کپتان کی حیثیت سے سب کو اعتماد دیتا ہوں۔ تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں پچ بہتر ہوگیا تھا اس لئے کلاسن خطرناک انداز میں کھیل رہا تھا ہمارے بولروں نے بہترین بولنگ کی۔ چیمپئنز ٹرافی قریب ہے اس لئے ہماری توجہ ون ڈے کرکٹ پر ہے۔ اوپنر صائم ایوب مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے مین آف دی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے235رنز بنائے اور دو وکٹ حاصل کئے۔ بابر اعظم جو خود بھی ون ڈے سیریز میں فارم میں واپس آئے اور وہ صائم ایوب کی بیٹنگ کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا کہ جنوبی افریقا کےخلاف جیت میں اپنا حصہ ڈالنے پر خوشی ہوئی ۔