• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع بھر میں 41 گرجا گھروں میں عبادات ہونگی، 3 چرچ حساس قرار

ملتان( سٹاف رپورٹر) سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب کرسمس کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں 41چرچز میں عبادات منعقد ہوں گی، جن میں سے 3چرچ حساس نوعیت کے ہیں۔ اس موقع پر 1300 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ایلیٹ فورس، محافظ اسکواڈ اور ڈولفن فورس کی ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی، جبکہ خفیہ نگرانی کے لیے سفید کپڑوں میں بھی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔چرچز اور تقریبات کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے اور شہریوں کے کوائف کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔چرچز کے اندر اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ تمام شرکاء کو تلاشی کے بعد چرچ میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات مختص کیے گئے ہیں، جہاں بھی سخت چیکنگ کے انتظامات ہوں گے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی تقریبات بلا خوف و خطر منا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔پولیس پرامن اور محفوظ کرسمس تقریبات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
ملتان سے مزید