لندن (سعید نیازی) کرسمس سے ایک روز قبل وریسٹر شائر میں مسلح پولیس نے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ ویسٹ مرسیا پولیس کے مطابق افسران کو2بجے دن ریڈچ میں ایک گھر میں خنجر سے مسلح شخص کی موجودگی کے سبب طلب کیا گیا تھا۔ پولیس کی طرف سے مذاکرات کرنے والوں نے کئی گھنٹوں تک مسلح شخص سے بات کرکے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی لیکن شام سات بجکر 40 منٹ پر اسے گولی مار دی گئی۔ پولیس فورس نے معاملے کو دی انڈی پینڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ کے حوالے کر دیا ہے اور کہاہے کہ اس ضمن میںتحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا اور پولیس افسران کے کیمروں کی فوٹیج بھی فراہم کی جائے گی۔ مسلح شخص کو جس وقت گولی ماری گئی اس وقت گھر میں کوئی اور شخص موجود نہیںتھا۔ اسٹینٹ چیف کانسٹیبل گرانٹ ولز نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے تمام متاثرین کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں۔