لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں حکمرانوں نے اپنی مراعات میں ہزار گنا اضافہ کر لیا ہے، ملک میں 10کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، مافیا اور حکمرانوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا۔ حکومت گندم اور گنا کی امدادی قیمت کا اعلان کرے،حکومت گندم کی امدادی قیمت مقرر کرکے مکر گئی،شوگر مافیا گنے کا ریٹ مرضی سے طے کرتا ہے۔ چولستان میں زمینیں کس میرٹ پر تقسیم ہو رہی ہیں؟ کارپوریٹ فارمنگ سے عام کسان برباد ہو جائے گا، کسانوں کے حقوق کی تحریک کا آغاز کر دیا، اسے پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ آئی پی پیز مافیا کے خلاف بھی احتجاج کا آغاز کیا جائیگا، عوام بڑی کال کیلئے تیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پھالیہ، منڈی بہاؤالدین میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر ضلع سیف اللہ ساہی اور صدر جے آئی کسان سردار ظفر حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ کسان کا بچہ تعلیم سے محروم ہے، سکولز نجی اداروں کو دے کر مفت تعلیم کا حق بھی چھینا جارہا ہے، ملک میں طبقاتی نظام تعلیم ہے، پورا نظام استحصالی ہے، حکمران عوام کو بنیادی حقوق تک دینے کو تیار نہیں، اپنی تنخواہوں میں اضافے کر رہے ہیں، غریب اور متوسط طبقات کے پاس بجلی اور گیس کے بلوں اور بچوں کی فیسوں کی ادائیگی کے بعد اشیائے خورونوش خریدنے کے لیے پیسے نہیں ہوتے۔