بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )قائداعظم محمد علی جناح کے 148ویں یومِ پیدائش کے موقع پر پیپلز پارٹی بریڈفورڈ نے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں مقامی کمیونٹی کے افراد، مختلف پارٹی رہنماؤں، اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا جس کی سعادت علامہ قاری محمد عباس نے حاصل کی۔ آصف نسیم راٹھور چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ اینڈ صدر پی پی پی بریڈفورڈ کی سر پرستی میں ہونے والی اس تقریب سے علامہ قاری محمد عباس ہڈرسفیلڈ صدر مذہبی اُمور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے معمار قائداعظم محمد علی جناح تھے، جنہوں نے انتھک جدوجہدکرکے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن دیا، اور ذوالفقار علی بھٹو شہید وہ رہنما تھے جنہوں نے اس وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ دونوں شخصیات پاکستان کی تاریخ میں اپنی منفرد خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کہ قائداعظم کا احسان عظیم ہے جس نے ہمیں پاکستان دیا ۔قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ’’پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔’’ قائداعظم کا یہ وژن آج بھی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی تکمیل اور استحکام کے لیے کتنا ضروری ہے راجہ اے ڈی خان نائب صدر پی پی پی برطانیہ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کے لیے قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان کی جدوجہدِ آزادی کی تاریخ سے آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ قائداعظم کے اتحاد، ایمان، اور تنظیم کے اصول آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں ان اصولوں پرعمل کرکے پاکستان کوترقی یافتہ بنایاجاسکتا ہے۔ نوجوانوں کو یہ شعور دینا چاہیے کہ پاکستان بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا، اور اسے مضبوط اور خوشحال بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان جن میں بزرگ رہنما سردار عبدالرحمان خان ، بلال خان دُرانی سینئر نائب صدر پیپلز یوتھ برطانیہ ، چوہدری محمد نذیر پی آ او ، زاہد حمید لیڈز ممبر آف بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ ، بزرگ رہنما چوہدری لیاقت علی ، محمد انجم میر ، آرٹسٹ محمود سلطان کراچی والا ، ملک افضل اعوان ، چوہدری افتخار پوٹھی، ،پیپلز یوتھ کے ممبران رضوان حیدر ، علی حیدر ، فرہاد علی ، حماد علی نے شرکت کی۔ ان مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے قائداعظم کی جدوجہد، قیادت، اور پاکستان کے قیام میں ان کے کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ ہمارے محسن اور قوم کے لئے رول ماڈل اور ہیرو ہیں زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولتیں۔ انہیں نہ صرف ہمیشہ یادرکھتی ہیں بلکہ ان کے اصولوں پر عمل بھی کرتی ہیں۔پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے جو پاکستان کو ایک مستحکم ،مضبوط ملک بنانے اور ایک فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے بانئ پاکستان کے خواب کو پوراکرنے کا عزم رکھتی ہے۔اس موقع پر مُحسن پاکستان اور عظیم ہیرو کیلئے دعائے مغفرت اور بلندئ درجات کی دعاء کےساتھ پاکستان زندہ باد افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں قائداعظم کی یوم پیدائش کا کیک بھی کاٹا گیا۔