کراچی (اسد ابن حسن) لاہور کی ایک مقامی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں قومی ایر لائن، پاکستان انٹرنیشنل، کے دو پائلٹس، ایک ایئر ہوسٹس اور ایک کمپیوٹر آپریٹر کو سزائیں سنا دیں۔ لاہور ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل نے دو برس قبل قومی ایر لائن میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کے حوالے سے تحقیقات کر کے مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے کے مطابق ایر لائن میں پائلٹ کاشان اعجاز دودھی 1995 میں قومی ایئر لائن میں بھرتی ہوا اور 2019 میں نوکری سے فارغ کر دیا گیا اور پائلٹ محسن علی 2006 میں بھرتی ہوا اور 2014 میں نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔ دونوں پائلٹس نے جعلی گریجویشن کی ڈگریاں ادارے میں جمع کروائیں۔ ایئر ہوسٹس نازیہ ناہید 2001 میں پانچ برس کے کانٹریکٹ پر ایر لائن میں بھرتی ہوئی اور مستقل ہونے کے لیے بعد میں گریجویشن کی ڈگری جمع کروائی جو کہ جعلی ثابت ہوئی جس کے بعد 2014 میں اس کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔