کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ بھارت، چین سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں دہشت گردی کو روکنے کے لئے فوجی عدالتوں کا سہارا لیا گیا، ان عدالتوں کا قیام منتخب ایوانوں کی اجازت سے کیا گیا ہے، پاکستان میں سیاسی یا کسی بھی شخصیت کے خلاف عدالتی کارروائی اور گرفتاری پاکستان کے آئین کے مطابق ہے اس پر یورپی یونین، امریکا یا کسی بھی دوسرے ملک کی مداخلت ملک کے آئینی اور قانونی معاملات میں بے جا مداخلت کے مترادف ہے،انسانی حقوق کی جس قدر خلاف ورزی فلسطین اور کشمیر میں اسرائیل اور بھارت کی جانب سے کی جارہی ہے اس پر تشویش کا اظہار نہ کرنا ان دونوں دہشت گرد ملکوں کی کھلم کھلا حمایت ہے جس کی پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت بھر پور مذمت کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوہری میزائل پر پابندی لگانا اور بھارت کو نت نئے تجربے کرنے کی اجازت دے کر عالمی قوانین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔