کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ریجنل ٹیکس آفس کراچی 1 کی جانب عوام سے ٹیکس وصول کر کے قومی خزانے میں ٹیکس نہ جمع کرانے والے شادی ہالز کے خلاف کارروائی ،ٹیکس اور واجبات جمع کرانے کی فائنل وارننگ دے دی گئی ،ریجنل ٹیکس آفس 1 کراچی کے ترجمان طارق اسد کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس 1 کراچی نے شہر کے چار شادی ہالزپر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236CB کے تحت ٹیکس نہ جمع کرنے پر کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان 4 شادی حالوں کی نشاندہی کی ہے جن کو متعدد بار کسٹمرز سے ٹیکس وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کروانے کے احکامات جاری کیئے گئے لیکن ان شادی ہالزکے مالکان نے عوام سے تو ٹیکس وصول کر لیا لیکن اسے قومی خزانے میں جمع نہیں کرایا،اب انھیں فائنل نوٹس دے دیا گیا ہے طارق اسد کے مطابق آر ٹی او نے یہ اقدامات ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیئے کیئے ہیں۔