راولپنڈی (نمائندہ جنگ )سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مذاکراتی عمل 31جنوری تک مکمل کرنا چاہتی ہے‘بانی پی ٹی آئی پاکستان کی خاطر سب کو معاف کرنے کے لیے تیار ہیں‘بانی کی رہائی کسی ڈیل کے نتیجے میں نہیں عدالتوں کے ذریعے ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور‘عمر ایوب،‘اسد قیصر‘سلمان اکرم راجہ‘ علامہ راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء کے لیے وہ اپنے ساتھ کیے گئے تمام ناروا سلوک کو معاف کرنے کے لیے تیار ہیں اور وہ پاکستان کی خاطر سب کو معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔حامد رضا نے کہا کہ ان کے صرف دو مطالبات ہیں جبکہ دوسری جانب 9 مئی کے معاملے پر ہم پر الزامات لگا رہے ہیں، سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، تحقیقات کرائی جائیں کہ کون تھے؟ جو لوگ 9 مئی کو لوگوں کو اکسا رہے تھے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔