کراچی (اسٹاف ر پورٹر) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی کی اپیل پر سانحہ پاراچنار اور پاراچنار میں عوامی دھرنے سے اظہارِ یکجہتی کیلئے صوبے بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سمیت مختلف اضلاع میں گزشتہ روز یوم احتجاج منایا گیا۔بعد نماز جمعہ مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں اور علامتی دھرنے دیئے گئے ،جس میں رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاراچنار میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے کرم ایجنسی کی عوام کو انصاف کی جلد از جلد فراہمی کا مطالبہ کیا۔علامہ باقر عباس زیدی نے عباس ٹاؤن، نمائش چورنگی دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ کرم ایجنسی میں لاکھوں انسانی جانیں مشکلات کا شکار ہیں، حکومت و ادارے ایک دوسرے پرملبہ ڈالنے کے بجائے حالات کو ٹھیک کریں ۔انہوں کہا کہ سیکورٹی ادارے 200 کلو میٹر روڈ کی حفاظت نہیں کر سکتے تو اس ملک کا خدا ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو فوری برطرف کیا جائے ،پاراچنار سانحہ میں شہید افراد کے اہل خانہ کو انصاف دلوایا جائے ،پاراچنار کے عوامی جرگے میں پیش مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نمائش چورنگی دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا، دھرنے میں علامہ ناظر عباس تقوی ،مولانا علی مرتضیٰ زیدی، ایس ایم نقی، علامہ بلاول فائضی، سمیت معروف سیاسی و سماجی مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب میں حکومت سے پاراچنار راستوں کی بندش کے خاتمے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا۔