کراچی( افضل ندیم ڈوگر )وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی ٹیم نے رحیم یار خان ضلع میں کارروائی کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک جعلی افسر کو شہریوں سے فراڈ اور لوٹ مار کے الزام کے تحت گرفتار کیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم محمد سہیل بوسن کی گرفتاری لیاقت پور کی تحصیل کنڈانی سے عمل میں آئی۔ مذکورہ شخص خود کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا افسر ظاہر کرکے معصوم شہریوں سے رجسٹریشن، سم کارڈز کے نام پر رقوم کی خورد برد میں ملوث تھا۔ ملزم کے خلاف آن لائن اور جعلی ٹریڈنگ کے ذریعے سرمایہ کاری کے بہانے بے گناہ لوگوں کو دھوکہ دینے کا بھی الزام ہے۔ ملزم کو بہاولپور منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔