کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے پکتیکا میں حالیہ بمباری کے بعد پاکستانی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت کو کمزور نہ سمجھا جائے۔ یہ کوئی بہادری کا عمل نہیں ہے جس میں بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو نشانہ بنایا جائے۔ امیر خان متقی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر پاکستان افغانستان کو کمتر سمجھتا ہے تو تاریخ سے سبق سیکھتے ہوئے سویت یونین، امریکا اور نیٹو کے حال پر نظر ڈالے۔ افغان وزیرِ خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب منگل کو افغانستان کے صوبے پکتیکا کے چار علاقوں میں بمباری کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اس حملے میں 46 افراد ہلاک ہوئے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ پاکستان نے افغانستان کے اندر کارروائی کی باضابطہ تصدیق کا تردید نہیں کی ہے۔