• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ خار میں دو روزہ فیسٹیول کا سپورٹس کمپلیکس میں آغاز ہوگیا

پشاور(وقائع نگار)خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ضم اضلاع ٹورازم ونگ اور ضلعی انتظامیہ باجوڑکے زیراہتمام دو روزہ باجوڑ فیسٹیول کا باجوڑ خار سپورٹس کمپلیکس میں آغاز ہوگیا۔ فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلوں سمیت میجک شو، مشاعرہ، مقامی موسیقی، اتنڑ ڈانس، موسیقی، مزاحیہ خاکے اور بچوں کیلئے پلے ایریا سجایاگیا ہے۔ فیسٹیول میں باجوڑ سکاؤٹس 172 ونگ اور باجوڑ پولیس کا بھی تعاون حاصل ہے۔ باجوڑ فیسٹیول میں سائیکل ریس، مارشل آرٹس، کبڈی مقابلوں کے علاوہ سکول بچوں کے ٹیبلو شامل ہیں۔ پہلے روز کبڈی، مارشل آرٹس، مزاحیہ خاکے، مشاعرہ، روایتی اتنڑ رقص اورمحفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا جبکہ فیسٹیول میں آج دوسرے روز سائیکل ریس سمیت مارشل آرٹس کے فائنل مقابلے ہونگے اور اس کیساتھ ساتھ ٹیبلو، ثقافتی رقص پرفارمنس، مقامی بینڈ پرفارمنس، مزاحیہ شو، مقامی شعراء اپنی شاعری سنائینگے۔ باجوڑ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے ضم اضلاع میں کھیلوں سمیت صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد سیاحتی مقامات کو فروغ، نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں میں شمولیت اورباجوڑسے دنیا کو مثبت پیغام دینا ہے۔ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ضم اضلاع ونگ اس سے قبل بھی صوبے کے ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کاانعقاد کرچکا ہے جس میں ڈسٹرکٹ خیبر، اورکزئی، وانا، ٹانگ، وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
پشاور سے مزید