• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، وکلاءکی ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں کیخلاف احتجاجی ریلی

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور بارایسوسی ایشن کی زیرقیادت وکلاءنے ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اورامریکی اور اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے گئے ۔شرکاءنے یہ مطالبہ بھی کیاکہ اسرائیل کو دہشتگرد ریاست قراردے کر اس پر پابندی عائد کی جائے۔ گزشتہ روز پشاور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرقیصر زمان ایڈوکیٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ بار میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہواجس میں جنرل سیکرٹری زاہداللہ زاہد ،پریس سیکرٹری عمران خان اورکزئی، ننگیال زیب ہشتنگر ایڈووکیٹ سمیت دیگر کابینہ ممبران کے علاوہ پاکستان اور خیبرپختونخوا بارکونسل اورپشاور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے ممبران اور عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے خطے اورعالم اسلام کو درپیش سنگین صورتحال پر ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں اسرائیل کو دنیا کی غاضب ، ناجائز اور دہشتگرریاست قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے ایران کے ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قراردیا اورکہاکہ اسرائیل اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگی جنونیت کی وجہ سے دنیا ایٹمی جنگ کی دہلیز پر ہے ۔ وکلاءرہنماوں نے فلسطین خصوصا غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر امریکہ کیجانب سے ویٹو کے استعمال کو عالمی امن کے خلاف سنگین سازش قراردیا۔
پشاور سے مزید