لاہور(خضرحیات گوندل،آصف محمود بٹ ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سول سرونٹس انتظامی معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔لاہور میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا سول سرونٹس عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، ہم سب کو ملکی ترقی کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہو گا، ملکی ترقی کیلئے امن واستحکام ضروری ہے، پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنانا ہوگا۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم سے ترقی میں بہت پیچھے رہ جانے والے خطے کے بہت سے ممالک آج ہم سے آگے کیسے نکل گئے۔ ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی اور کیرئیر عوام کی خدمت کے لیے وقف کر کے اور سروس ڈلیوری بڑھا کر عوام میں اپنی قدر پیدا کریں 38اسسٹنٹ کمشنرز (پروبیشنرز) جن میں 12خواتین شامل ہیں کو 9ماہ کے اس کورس میں سول و کریمنل اور ریونیوقوانین کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی ، لوکل گورنمنٹ ، دیہی ترقی اور پبلک فنانس میں ٹریننگ دی گئی ، ڈی جی نے وفاقی وزیر سے کہا کہ فیلڈ افسران (اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران) کو دیئے جانے والے ایگزیکٹو الاؤنس کا نام تبدیل کرکے اسے ’’پائیدار ترقی کے اہداف‘‘کا الاؤنس رکھ دیا جائے۔ ان فیلڈ افسران کو ان علاقوں میں تعینات کیا جائے جہاں پائیدار ترقی کے اہداف کے انڈیکیٹرز بہت نیچے ہیں۔