کوئٹہ(آن لائن) آل تفتان بس کوچز ٹرانسپورٹرز الائنس کی جانب سے احتجاج آٹھویں روز بھی جاری رہا جبکہ ڈی سی چاغی میرعطاالمنعم محمدحسنی کی جانب سے بار بار رابطہ کر نے پر ٹرانسپورٹرز نمائندہ وفد جس میں آل پاکستان بس ٹرانسپوٹ یونین کے سربراہ حاجی میردولت لہڑی، چیئرمین تفتان بس ٹرانسپورٹ یونین میر محمود بادینی ، صدر آل تفتان کوچز ٹرانسپورٹ حاجی ملک شاہ جمالدینی ، جنرل سیکرٹری حاجی عبد المالک محمدحسنی ،سینئررہنما حاجی اللہ بخش بادینی ،حاجی خدائیداد شاہوانی ،حاجی میراحمدسمالانی حاجی بلال محمدحسنی، عبد القدوس رخشانی، حاجی طاہر خان محمدحسنی شامل تھے نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کی اوراپنے مسائل خصوصاً چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے بہانے مسافر بردار کوچز کوروکنے جیسی مشکلات سے آگاہ کیا، مسائل کو فوری حل کرانے اور چیکنگ کے طریقہ کار کو درست کرانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی مکمل یقین دہانی کو ٹرانسپورٹرز نے نیک شگون قرار دیا جبکہ ٹرانسپورٹرز اپنے آئندہ اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، جسکا دارومدار مطالبات پر عمل درآمد پرہے،جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے بھی مطالبات سے متعلق ٹرانسپورٹرز نے ملاقات کی۔